Category: سیالکوٹ
Published on 21 September 2015

سیالکوٹ میں خاتون کے ہاں ایک ساتھ 5 بچوں کی پیدائش

سیالکوٹ: سیالکوٹ کے سی ایم ایچ اسپتال میں خاتون کے ہاں ایک ساتھ5بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔

اسپتال ذرائع کاکہناہے کہ پانچوں بچے صحت مند ہیں اورانھیں انتہائی نگہداشت کے وارڈمیں رکھاگیاہے، بچوں میں3بیٹیاں اور2 بیٹے شامل ہیں، انھیں آئی سی یو میں رکھاگیاہے۔ دوسری طرف گھرکے آنگن میں ایک ساتھ 5 پھول کھلنے پر ان کے والدعاطف خوشی سے نہال ہیں۔


Category: سیالکوٹ
Published on 31 August 2015

کشمیریوں کی آواز کو لاٹھی و گولی سے نہیں دبایا جاسکتا، وزیراعظم آزاد کشمیر

گوجرانوالہ / سیالکوٹ: وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے سی ایم ایچ سیالکوٹ میں بھارتی فائرنگ سے زخمی ہونے والے شہریوں کی عیادت، شہدا اور زخمیوں کے لواحقین میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری 275 سال سے بھارتی ظلم وبربریت کا شکار ہیں، آج تک کوئی ایک دن ایسا نہیں گزرا جب کسی کشمیری کا خون نہ گرا ہو۔

کشمیریوں کا یہ خون باعث تخلیق پاکستان بنا اور اب باعث تکمیل پاکستان ہو گا، پاکستانیوں کا کشمیریوں سے رشتہ کلمہ طیبہ کا رشتہ ہے، کشمیری عوام حق خود ارادیت کے تحت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق الحاق پاکستان چاہتے ہیں، کشمیریوں کی آواز کو لاٹھی گولی سے نہیں دبایا جا سکتا۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں ایک قوم بننے کی ضرورت ہے، اگر ہم گانے مادھوری کے سنیں، سیاست دھرنوں کی کریں، خواتین کو تربیت ناچنے کی دیں اور نعرہ نئے پاکستان کا لگائیں تو ہمیں ایسے پاکستان کی ضرورت نہیں جہاں ہماری بیٹیوں کی عزت محفوظ نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت ہمارے معصوم بچوں اور خواتین کو قتل کرے اور ہم اس کا جواب دیں تو ہمیں دہشت گرد کہا جائے تو ہم ایسی دہشت گردی سو بار کریںگے، پاکستان کا پرچم سر بلند رکھنے کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریںگے۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کشمیریوں کی لازوال قربانیوں نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو دفن نہیں ہونے دیا، کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں، اقوام متحدہ کے مبصرین بھی صرف نقصانات کا تخمینہ لگاتے ہیں، اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل کروا کر مسئلے کا حل نکالے، وزیر اعظم نواز شریف کو جنرل راحیل شریف کی طرح جرات اور بہادری سے بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنی چاہیے۔

 


Category: سیالکوٹ
Published on 30 August 2015

یو این مبصرین کا ورکنگ باؤنڈری کا دورہ، جارحیت کے شواہد اکٹھے کیے

سیالکوٹ: اقوام متحدہ کی خصوصی مبصر ٹیم نے سیالکوٹ کے قریب ورکنگ باؤنڈری کا دورہ کرکے بھارتی فوج کی فائرنگ سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔

اقوام متحدہ کے مبصرین پر مشتمل خصوصی وفد نے بھارت كی جانب سے كی جانے والی فائرنگ اور گولہ باری سے ہونے والے نقصانات كا جائزہ لینے كے لیے سیالكوٹ وركنگ باؤنڈی كا دورہ كیا۔ اقوام متحدہ كے مبصرین نے شہید ہونے والے شہریوں  كے اہل خانہ سے ملاقات كی جب كہ زخمی ہونے والے افراد كے اہل خانہ اور سرحدی علاقوں  میں  بھارتی گولہ باری اور فائرنگ سے ہونے والے نقصانات كا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔

مكینوں كے قیمتی مال مویشیوں كی ہلاكت اور املاك كے نقصانات كے بارے میں  بھی مكینوں نے مبصرین كو آگاہ كیا جب کہ اس موقع پر مبصرین نے شدید متاثر ہونے والے دیہات موضع كندن پوراور ٹھٹھی خورد كا بھی دورہ كیا، مبصر گروپ کےدورے کے ودران رینجرز كے ذمہ داران بھی موجود تھے۔