Category: لاہور
Published on 23 September 2015

شدید بارشوں کے بعد دریائے چناب اور جہلم میں سیلاب کا خدشہ

لاہور: محکمہ موسمیات نے شدید بارشوں کے بعد دریائے چناب، جہلم، نالہ ہلکھو، نالہ ایک اور نالہ ڈیک میں سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے جب کہ کشمیر سمیت بالائی علاقوں میں تیز بارشوں کا سلسلہ آئندہ 12 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ 

ڈائریکٹر جنرل موسمیات ڈاکٹر غلام رسول کے مطابق بھارت سے دریائے چناب میں بارش کا بہت زیادہ پانی آرہا ہے اور ساتھ ہی ملکی بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش کے بعد دریائے چناب، جہلم، نالہ پلکھو، نالہ ایک اور نالہ ڈیک میں سیلاب کا خدشہ ہے اور وادی چترال اور گلگت بلتستان میں بھی آئندہ 24 گھنٹوں میں گلیشیائی جھیلوں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آیندہ 24 گھنٹوں میں راولپنڈی، گوجرانوالہ،لاہور، ہزارہ ڈویژن میں مزید بارش کا امکان ہے جب کہ ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں بڑی سڑکوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے تاہم عید کے موقع پر ملک بھر میں مطلع صاف رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق استور شہر اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ ضلع غذر میں موسلادھار بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا ہے۔


Category: لاہور
Published on 23 September 2015

اراکین اسمبلی پر انتخابی مہم چلانے پر عائد پابندی معطل

لاہور: ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی پر ضمنی انتخابات کے دوران انتخابی مہم چلانے پر عائد پابندی معطل کر دی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں پی پی 147 سے تحریک انصاف کے امیدوار شعیب صدیقی کی جانب سے الیکشن کمیشن کے اراکین اسمبلی پر انتخابی مہم چلانے پر عائد پابندی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے منتخب اراکین اسمبلی پر ضمنی انتخابات کی الیکشن مہم چلانے پر پابندی کے 16 ستمبر کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے ایم این ایز اور ایم پی ایز کو ضمنی انتخابات کے دوران الیکشن مہم چلانے کی اجازت دے دی ہے۔ عدالت کا کہنا ہے کہ پارٹی کے سربراہ پر بھی انتخابی مہم چلانے پر کوئی پابندی نہیں ہو گی تاہم وزیراعظم، وزیراعلیٰ اور وزراء کو الیکشن مہم چلانے کی اجازت نہیں ہو گی۔


Category: لاہور
Published on 18 September 2015

عید الاضحی، ملک بھر میں 24 سے 27 ستمبر تک لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی

لاہور: وزارت پانی و بجلی نے عید الاضحی پر ملک بھر میں 24 سے 27 ستمبر تک لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت پانی وبجلی نے لیسکو اور دیگر تقسیم کارکمپنیوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں، وزارت پانی وبجلی نے تقسیم کار کمپنیوں سے کہا ہے کہ جمعرات، جمعہ ، ہفتہ اور اتوار کے روز پورے ملک میں عید الاضحیٰ کے موقع پر بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے تاکہ عید کے دنوں میں کوئی شکایت موصول نہ ہوسکے


Category: لاہور
Published on 17 September 2015

لاہور میں پہلی ڈبل ڈیکر بس سروس کا آغاز اگلے ماہ کیا جائے گا

لاہور: محکمہ سیاحت پنجاب (پی ٹی ڈی سی) نے لاہور میں پہلی ڈبل ڈیکر بس سروس کا اعلان کیا ہے۔ بس سیاحوں کو شہر کےاہم مقامات کی سیر کے لیے استعمال کی جائے گی۔

محکمہ سیاحت پنجاب کے مینیجنگ ڈائریکٹر احمر ملک نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ 376,000 امریکی ڈالر یعنی پاکستانی تین کروڑ 90 لاکھ سے زائد مالیت کی دو بسیں 20 ستمبر کو کراچی پہنچ جائیں گی اور اکتوبر کے آخر تک لاہور میں ڈبل ڈیکر بس سروس شروع کردی جائے گی۔ اس کے بعد مزید ڈبل ڈیکر بسیں بھی متعارف کرائی جائیں گی۔

اگرچہ ابھی تک بس کا حتمی روٹ ابھی تک طے نہیں کیا گیا ہے لیکن توقع ہے کہ انہیں دیواربند شہر سے قذافی اسٹیڈیم تک چلایا جائے گا اور ان کے لیے دو ٹرمنل قائم کئے جائیں گے جن میں سے ایک پنجاب اسٹیڈیم اور دوسرا فورٹ روڈ فوڈ اسٹریٹ پر تعمیر ہوگا اور شہری دیوار کی اتھارٹی (ڈبلیو سی ایل اے) نے اپنے تعاون کا یقین دلایا ہے۔ اس کے علاوہ فورٹ روڈ کی فوڈ اسٹریٹ پر شہر کی ثقافت دکھانے کے لیے تانگہ، رکشہ اور گائیڈ سروس شروع کی جائے گی اور سیاحوں کے لیے اطراف میں کھانے پینے کی دکانیں قائم کی جائیں گی تاکہ لوگ پاکستانی کھانوں کا لطف اٹھاسکیں۔

پی ٹی ڈی سی کے مطابق ہر بس میں 67 مسافر بیٹھ سکیں گے اور سروس کو کامیاب بنانے کے لیے پہلے دبئی، لندن اور بوڈاپسٹ سمیت کئی شہروں میں اس سروس کا مطالعہ کیا گیا ہے۔ اس کے بعد آڈیو سسٹم سے مسافروں کو لاہور کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں گی اور اس کے بعد خاص اسکرینوں پر لاہور کی تہذیب اور ثقافت پر فلمیں دکھائی جائیں گی