Category: لاہور
Published on 17 August 2017

نواز شریف اور ان کے خاندان کو آئندہ سیاست میں نہیں دیکھ رہا، آصف زرداری

لاہور: 

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ نوازشریف اور ان کے خاندان کو آئندہ سیاست میں نہیں دیکھ رہا۔

 

لاہور میں بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران آصف زرداری کا کہنا تھا کہ لوگوں کو غلط فہمی ہے کہ ہم نے آخری بار نواز شریف کا ساتھ دے کر حکومت کا ساتھ دیا تھا تاہم ہم نے حکومت کا ساتھ کبھی نہیں دیا، ہم نے پارلیمنٹ کا ساتھ دیا تھا اور جمہوریت بچائی تھی اور اب جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، اس سے پہلے ہمارے وزیراعظم کو نا اہل کیا گیا اور ہم نے دوسرا وزیراعظم بنالیا، جلاوطنی کے دور میں ہمارے تعلقات تھے اور اس کی تردید نہیں کرتا لیکن اگر بھائی سے 4 سال تعلقات نہ ہوں، اس کے بعد فون کریں تو وہ بھی فون نہیں اٹھائے گا،  نواز شریف نے اب اپنے الفاظ واپس لے لیے ہیں تاہم اب وقت گزر چکا ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ  جمہوریت کے علاوہ پاکستان کے پاس کوئی راستہ نہیں لیکن نواز شریف اور ان کے خاندان کو آئندہ سیاست میں نہیں دیکھ رہا، نواز شریف سے کبھی کوئی فائدہ لیا ہے اور نہ لوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں کوئی آخری بات نہیں ہوتی لیکن ابھی کسی بھی پارٹی کے ساتھ مفاہمت کی بات قبل ازوقت ہے، عمران خان ابھی فل ٹاس پر کھیل رہے ہیں جب نو بال پر آئیں گے تو دیکھیں گے جب کہ میری ان سے ملاقات ہوئی نہ ہو سکتی ہے۔

ADVERTISEMENT

Category: لاہور
Published on 07 August 2017

لاہور میں بند روڈ پر دھماکے سے 30 افراد زخمی

 

 لاہور: بند روڈ پر مبینہ طور پر ٹرک میں ہونے والے دھماکے میں 30 افراد زخمی ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے بند روڈ پر ہونے والے دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور زمین میں 5 سے 7 فٹ تک گہرا گڑھا بھی پڑا۔ دھماکے کے بعد لاہور کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: لاہورکے علاقے ڈیفنس میں دھماکے سے 9 افراد جاں بحق

 

 

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا ہے کہ لگتا ہے کہ دھماکا خیز مواد ٹرک میں چھپایا گیا تھا تاہم اس کی تحقیقات کر رہے ہیں جبکہ ایس پی سٹی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ دھماکا خیز مواد ٹرک میں ہی چھپایا گیا تھا جس کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔

ایم ایس میاں منشی اسپتال کے مطابق 22 کے قریب افراد کو طبی امداد کے لئے اسپتال لایا گیا جن میں سے 14 کو ابتدائی طبی امداد دے کر گھر بھیج دیا گیا جب کہ دیگر کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے آئی جی پنجاب سے دھماکے کی رپورٹ طلب کر لی اور کہا کہ واقعے کی ہر پہلو سے جامع تحقیقات کی جائیں۔


Category: لاہور
Published on 24 September 2015

لاہورمیں میاں بیوی جھگڑے پر 6 ماہ کے بچے کو سڑک پر پھینک گئے

لاہور: گلبرگ میں میاں بیوی لڑائی جھگڑے کے بعد 6 ماہ کے بچے کو بیچ سڑک پر پھینک کر چلے گئے، راہگیر بچے کو اٹھا کر پولیس کے پاس پہنچ گیا۔

گلبرگ کے علاقے قذافی اسٹیڈیم کے قریب میاں بیوی نے لڑائی جھگڑے کے بعد اپنے 6 ماہ کے بچے کو بیچ سڑک پر پھینک دیا اور گھر چلے گئے۔لڑائی جھگڑے کے دوران لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہوگئی اور بچے کو ساتھ لے جانے کا کہتے رہے مگر میاں بیوی بچے کو سڑک پر چھوڑ کر گھر چلے گئے جس کے بعد حنیف نامی شہری بچے کو لے کر تھانے پہنچ گیا، پولیس کے مطابق بچے کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کیا جائے گا، بچے کے والدین کی تلاش جاری ہے۔


Category: لاہور
Published on 24 September 2015

ایان علی کا شوبزچھوڑکرمذہب سے رجوع کافیصلہ، مولانا طارق جمیل سے رابطہ

اسلام آباد: ماڈل ایان علی جنھیں حال ہی میں منی لانڈرنگ کیس میں جیل سے ضمانت پر رہائی ملی ہے نے مذہب کی جانب رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق انھوں نے تبلیغی جماعت کے معروف عالم دین مولانا طارق جمیل سے رابطہ کیا ہے اور ان سے دینی معاملات میں رہنمائی مانگی ہے۔ ایان علی نے مولانا طارق جمیل سے درخواست کی ہے کہ ان کو دین کے بارے میں بتایا جائے کہ وہ کس طرح دین پر عمل کر کے ایک باعمل مسلمان بن سکتی ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق مولانا طارق جمیل سے گفتگو کے دوران ایان علی کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔کہا جا رہا ہے کہ ایان علی مولانا طارق جمیل کی حج سے واپسی پر ان سے ملاقات کریں گی۔