Category: لاہور
Published on 01 November 2014

پنجاب کے بیشتر شہروں میں پیٹرول پمپس بند ہونے سے شہری شدید مشکلات کا شکار

 وفاقی حکومت کےحکم نامےکےتحت رات12 بجےسے ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات نئی قیمتوں پر فروخت کی جانی تھی لیکن لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، راولپنڈی، ملتان اور بہاولپور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں کے بیشتر پیٹرول پمپس پر پیٹرول اور ڈیزل کی فروخت بند کردی گئی ہے جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ پیٹرول پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ  پیٹرولیم مصنوعات کا موجودہ ذخیرہ پرانی قیمتوں میں خریدا گیا ہے جسے وہ نئی قیمتوں پر فروخت نہیں کرسکتے۔ اس لئے نئی قیمتوں کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل تک وہ اپنا کاروبار بند رکھیں گے۔

دوسری جانب لاہور میں ضلعی انتظامیہ کے مطابق زائد قیمتوں پر پٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے کےالزام میں 5 پٹرول پمپس سیل کردیئےگئے ہیں  جبکہ 2 پیٹرول پمپس کے منیجر کو حراست میں لے کر ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کرادیا گیا ہے۔


Category: لاہور
Published on 31 October 2014

ماڈل ٹاؤن میں مولا جٹ بننے والا گلو بٹ جيل میں برتن دھونے لگا

لاہور: سانحہ ماڈل ٹائون ميں گاڑيوں كی توڑ پھوڑ كرنے والے گلو بٹ كو جيل انتظاميہ نے قيديوں كے برتن دھونے پر مقرر كرديا۔

ماڈل ٹاؤن لاہور میں 17 جون کو گاڑیوں کے شیشے توڑنے کے جرم میں 11 سال 3 ماہ کی سزا قید کاٹنے والا گلو بٹ اب جیل میں قیدیوں کے برتن دھوئے گا، کیمپ جيل انتظاميہ نے گلو بٹ کی ڈیوٹی برتن دھونے پر لگا دی اور کہا ہے کہ اگر گلو بٹ محنت اور لگن سے کام کرتا رہا تو اس کی سزا میں کمی بھی ہوسکتی ہے۔

عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے سے قبل موصوف کہا کرتے تھے کہ انہیں بالی ووڈ اور لالی ووڈ سے فلموں ميں كام كرنے كی آفر ہوئی ہے لیکن اب ان کے ارمانوں پر پانی پھر چکا ہے اب وہ جیل میں قیدیوں کے برتن دھوکر فلموں میں دکھائی جانے والا ہی کردار ادا کریں لیکن حقیقی انداز اور حقیقی زندگی میں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ماڈل ٹاؤن میں املاک کو نقصان پہنچانے کا جرم ثابت ہونے پر اسے 11 سال 3 ماہ قید اور ایک لاکھ 11 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

 


Category: لاہور
Published on 01 September 2014

فوج کو سیاسی معاملات میں نہ گھسیٹا جائے، وزیردفاع خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ جاوید ہاشمی کے الزامات تحریک انصاف کا اندرونی معاملہ ہے اور فوج کو سیاسی معاملات میں نہ گھسیٹا جائے۔

ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ جاوید ہاشمی کے الزامات تحریک انصاف کا اندرونی معاملہ ہے جبکہ فوج نے اپنے بیان میں جمہوریت کی حمایت کا اعادہ کیا ہے جس کےبعد اسے سیاسی معاملات میں نہ گھسیٹا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ دستور پر ڈرامہ لگایا گیا ہے جب کہ عمران خان کے بیان صبح کچھ اور شام کو کچھ ہوتے ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے معاملات خود سیاسی بصیرت سے حل کرنے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ  حکومت نے فوج کو آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں  طلب کیا ہے اور حکومت آرٹیکل 245 کی حدود سے تجاوز نہیں کرے گی۔