Category: لاہور
Published on 29 November 2014

سیاسی تبدیلی صرف ووٹ کی طاقت سے ہی آسکتی ہے، آصف علی زرداری

لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہےکہ جمہوریت ہی ہماری سیاست ہے اور ملک میں سیاسی تبدیلی صرف ووٹ کی طاقت سے ہی آسکتی ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے 48 ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی عوام کی امید ہے اور انسانی قدروں کے لیے کام کرتی ہے، اقتدار کے مالک پاکستانی عوام ہے اور ہم عزم کرتے ہیں کہ عوام کی طاقت ان کو لوٹائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے نام پر جمہوریت کو دی جانے والی دھمکیوں پر شدید تشویش ہے، طاقت کے ذریعے اپنا ایجنڈا نافذ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں گے، جمہوریت ہی ہماری سیاست ہے جبکہ ملک میں سیاسی تبدیلی صرف ووٹ کی طاقت سے آسکتی ہے۔


Category: لاہور
Published on 27 November 2014

بلاول بھٹو زرداری کا لاہورمیں پارٹی کے یوم تاسیس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

لاہور: چیرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 30 نومبر کو پارٹی کے یوم تاسیس کے سلسلے میں منعقدہ  جلسے میں نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پیپلزپارٹی نے یوم تاسیس کے موقع پر لاہور میں بھرپور سیاسی قوت کے مظاہرے کا اعلان کیا تھا تاہم پارٹی چیرمین بلاول بھٹو زرداری جلسے میں شرکت نہیں کریں گے جس کے بعد جلسے کی تیاریاں دھری کی دھری رہ گئیں۔

پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کے جلسے میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے سے مایوسی ہوئی تاہم چاہے کچھ بھی ہوجائے 30 نومبر کو لاہور میں یوم تاسیس کا جلسہ ہوگا اور بلاول بھٹو کی عدم موجودگی کی صورت میں پارٹی کے شریک چیرمین آصف  زرداری کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جلسے کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اگر آصف زرداری نے بھی جلسے میں شرکت سے معذرت کی تو پارٹی کی مقامی قیادت جلسے کا انعقاد کرے گی۔


Category: لاہور
Published on 27 November 2014

کمالیہ میں ایک شخص نے بیوی کے قتل کے بدلے 2 خواتین سمیت 4 افراد کو ہلاک کردیا

کمالیہ: ایک شخص نے بیوی کے قتل کے بدلے فائرنگ کرکے 2 خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے 4 افراد کو قتل کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کمالیہ کے رہائشی عبدالغفار نامی شخص نے کچھ عرصہ قبل گوشی نامی خاتون سے پسند کی شادی کی تھی۔ شادی کے بعد دونوں خاندانوں میں صلح ہوگئی لیکن لڑکی کے چچا نے اپنی بھتیجی کو قتل کردیا۔ اپنی بیوی کے قتل کا بدلہ لینے کے لئے عبدالغفار گزشتہ رات اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مخالفین کے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کرکے فرار ہوگیا، فائرنگ کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت چار افراد کو قتل ہوگئے۔ چاروں افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

پولیس نے عبدالغفار اور اس کے ساتھیوں کے خلاف قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔


Category: لاہور
Published on 27 November 2014

لاہور ہائیکورٹ میں گلو بٹ کی سزا کے خلاف درخواست سماعت کیلئے منظور

لاہور: ہائی کورٹ نے گلوبٹ کی سزا کے خلاف دائر درخواست سماعت کے لئے منظور کرلی۔

لاہور ہائی کورٹ میں تحریک منہاج القرآن کے خلاف پولیس آپریشن کے دوران گاڑیوں کی توڑ پھوڑ میں ملوث گلو بٹ کی سزا اور ان کی ضمانت کے دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران گلو بٹ کے وکلا نے اپنے موکل کی ضمانت کی درخواست واپس لے لی تاہم ان کی سزا کے خلاف دائر درخواست پر موقف اختیار کیا کہ  گلو بٹ کو قانون اور حقائق کے برعکس سزا سنائی گئی ہے۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت عالیہ نے سزا کے خلاف دائر درخواست سماعت کے لئے منظور کرلی۔

واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے  منہاج القرآن سیکریٹریٹ کے باہر پولیس آپریشن کے دوران گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کرنے کے جرم میں گلوبٹ کو 11 سال 3 ماہ قید اور ایک لاکھ 11 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔