Category: لاہور
Published on 29 November 2014

ڈاکٹروں نے طاہرالقادری سے ملاقات پر پابندی عائد کردی

لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری کو ڈاکٹروں نے آرام کا مشورہ دیتے ہوئے ان سے ملاقاتوں پر پابندی لگادی ہے۔

ترجمان پاکستان عوامی تحریک کے مطابق ڈاکٹرطاہرالقادری کا ایک بار پھر طبی معائنہ کیا گیا ہے جس کے بعد انہیں دوبارہ اسپتال میں داخل ہونے کا مشورہ دیا ہے جبکہ ڈاکٹروں نے طاہرالقادری کی ناساز طبیعت کے باعث ان سے ملاقاتوں پر بھی پابندی لگا دی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا بلڈ پریشر کنٹرول نہیں ہورہا جس کےباعث ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی چند روز سے طبیعت ناساز ہے جس کے باعث انہیں ڈاکٹروں نے 72 گھنٹے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے جبکہ ان کی علالت کے باعث عوامی تحریک کا 5 دسمبر کو سرگودھا میں ہونے والا جلسہ بھی ملتوی کردیا گیا ہے جس کی تاریخ کا اعلان طاہرالقادری کی صحت یابی کے بعد کیا جائے گا۔


Category: لاہور
Published on 29 November 2014

لاہور میں ایم کیوایم سینٹرل پنجاب کے صدر کی گاڑی پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

لاہور: گرین ٹاؤن میں متحدہ قومی موومنٹ سینٹرل پنجاب کے صدر عامر بلوچ کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی تاہم وہ محفوظ رہے لیکن ان کے ساتھ موجود ان کے ماموں جاں بحق اور کزن زخمی ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں باگڑیاں چوک کے قریب نامعلوم افراد نے متحدہ قومی موومنٹ سینٹرل پنجاب کے صدر عامر بلوچ پر فائرنگ کردی، فائرنگ سے عامر بلوچ تو محفوظ رہے لیکن ان کی گاڑی میں موجود ان کے ماموں جاں بحق جبکہ ان کا کزن زخمی ہوگیا۔ واقعے کے فوری بعد لاش اور زخمی کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمی کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

عامر بلوچ نے واقعے سے متعلق کہا ہے کہ گرین ٹاؤن کے علاقے شیراز ٹاؤن میں اپنا گھرتعمیر کروا رہے ہیں، اس سلسلے میں جب وہ اپنے ماموں اور کزن کے ہمراہ وہاں پہنچے تو قبضہ گروپ کے کارندوں نے فائرنگ شروع کردی،جس کے نتیجے میں ان کے ماموں موقع پرہی جاں بحق ہوگئے۔


Category: لاہور
Published on 29 November 2014

تھرپارکر میں 3 اور ننھی کلیاں حکومتی غفلت کی بھینٹ چڑھ گئیں

مٹھی: پانی کی ایک ایک بوند اور اناج کے ایک ایک دانے کو ترسے تھر کے باسیوں کی مدد کے لئے سندھ حکومت  کی جانب سے دعوے تو روز ہی سامنے آتے ہیں لیکن اس قحط زدہ علاقے میں موت کا ننگا ناچ اب بھی جاری ہے اور آج بھی غذائی قلت نے 3 اور ماؤں کی گودیں سونی کردی ہیں۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق تھر کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر مٹھی کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال میں زیر علاج 10 ماہ کی ساجدہ دار فانی سے کوچ کرگئی جبکہ اسلام کوٹ اور چھاچھرو میں بھی 2 بچے دم توڑ گئے جس کے بعد ضلع بھر میں رواں ماہ غذائی قلت کا شکار ہوکر زندگی سے منہ موڑنے والے افراد کی تعداد 100 ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ مٹھی، اسلام کوٹ، ڈیپلو اور چھاچھرو کے مختلف سرکاری اور نجی اسپتالوں میں درجنوں بچے زیر علاج ہیں۔

دوسری جانب ضلع بھر میں محکمہ لائف اسٹاک کا عملہ بھی اپنے مطالبات کے لئے  گزشتہ 15 روز سے ہڑتال پر ہے جس کی وجہ سے مویشیوں کی ویکسنیشن  نہیں ہورہی اور اب تک مٹھی، ڈیپلو اور چھاچھرو میں  سیکڑوں مویشی ہلاک ہوچکے ہیں۔


Category: لاہور
Published on 29 November 2014

پاکستان عوامی تحریک کا تحریک انصاف کے جلسے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

لاہور: پاکستان عوامی تحریک اور اس کی اتحادی جماعتوں نے 30 نومبر کو پاکستان تحریک انصاف کے جلسے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

لاہور میں پاکستان عوامی تحریک اور اس کی اتحادی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں 30 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے جلسے میں شرکت اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور تمام جماعتوں نے جلسے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت اور دیگر اتحادی  تحریک انصاف کے مؤقف کی حمایت کرتے ہیں لیکن تحریک انصاف نے ہمیں نہ دھرنے کا شیڈول دیا اور نہ ہی اس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی ، اس کے علاوہ جلسے کے اغراض ومقاصد بھی واضح نہیں اس لئے پاکستان عوامی تحریک اور اس کی اتحادی جماعتیں جلسے میں شرکت نہیں کریں گی۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک نے 14 اگست کو حکومت کے خلاف لاہور سے اسلام آباد مارچ کیا تھا اور دونوں جماعتوں نے ریڈ زون میں کئی روز دھرنا بھی تھا تاہم بعد میں ڈاکٹر طاہر القادری نے اپنا دھرنا ختم کرکے ملک گیر سطح پر احتجاج کا اعلان کیا تھا جبکہ تحریک انصاف کا دھرنا اب بھی جاری ہے۔