Category: کراچی
Published on 14 January 2015

اکبر بگٹی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف پر فرد جرم عائد

وئٹہ: انسداد دہشتگردی عدالت نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں عدم پیشی پر سابق صدر پرویز مشرف سمیت 3 افراد پر فرد جرم عائد کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کوئٹہ کی انسداد دہشتگردی عدالت میں نواب اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت ہوئی اس موقع پر سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ سابق صدر طبیعت کی ناسازی کے باعث پیش نہیں ہوسکتے اس لئے انہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے جس پر عدالت نے میڈیکل بورڈ کی عدم تشکیل پر شدید برہمی کا اظہار کیا جب کہ مدعی جمیل اکبر بگٹی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے مختلف ٹی وی چینلز پر دیکھا ہے کہ پرویز مشرف انٹرویو دیتے ہیں لیکن عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوتے۔

عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد سابق صدر پرویز مشرف،سابق وفاقی وزیرداخلہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ اور صوبائی وزیرداخلہ شعیب نوشیروانی پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے سماعت 4 فروری تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ نواب اکبر بگٹی کے صاحبزادے جمیل اکبر بگٹی کی جانب سے 2009 میں والد کے  قتل کا مقدمہ درج کرایا گیا تھا جس میں سابق صدر پرویز مشرف، سابق وفاقی وزیرداخلہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ، صوبائی وزیرداخلہ شعیب نوشیروانی اور اس وقت کے گورنر اویس غنی کو نامزد کیا تھا۔


Category: کراچی
Published on 14 January 2015

سانحہ لنک روڈ پر حکومت سندھ، این ایچ اے اور ایڈمنسٹریٹر کراچی طلب

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے سانحہ لنک روڈ پر حکومت سندھ، این ایچ اے اور ایڈمنسٹریٹر کراچی سے رپورٹ طلب کرلی ۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں اعلیٰ عدلیہ کے بنچ نے سانحہ لنک روڈ پر از خود نوٹس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران عدالت نے حکومت سندھ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور ایڈمنسٹریٹر کراچی سمیت دیگر کو 23 جنوری کو طلب کرتے ہوئے فریقین سے سانحہ لنک روڈ سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات کراچی میں سپر ہائی وے کے لنک روڈ پر مسافر بس اور آئل ٹینکر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 67 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

 

Category: کراچی
Published on 29 November 2014

چیمپئنز ٹرافی کیلیے قومی ہاکی ٹیم کا اعلان آج ہوگا

کراچی: چیمپئنز ہاکی ٹرافی کیلیے 18 رکنی حتمی قومی ہاکی ٹیم کا اعلان جمعرات کو مختصر ٹرائلز کے بعد ہوگا۔

قبل ازیں پی ایچ ایف کی سلیکشن کمیٹی نے 2 روزہ ٹرائلز کے بعد 13 نومبر کو 20 کھلاڑیوں کا اعلان کیا تھا، قوی امکان ہے کہ ایونٹ میں محمد عمران ٹیم کے کپتان رہیں گے، ہالینڈ میں لیگ کھیل کرگذشتہ دنوں واپس آنے والے راشد محمود اور رضوان سینئر کی اسکواڈ میں شمولیت یقینی ہے، چیف سلیکٹر اولمپئن اصلاح الدین صدیقی جمعرات کو ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم کراچی میں اپنے ساتھی سلیکٹرز ایازمحمود، خالد بشیر، مصدق حسین اور چوہدری محمد ارشد کے ہمراہ قومی ٹیم کا اعلان کریں گے۔

اس موقع پر فیڈریشن کے سیکریٹری رانا مجاہد بھی موجود ہوں گے،چیمپئنزٹرافی بھارت کے شہر بھوبھنیشور میں 6 سے 14 دسمبر تک شیڈول ہے، قبل ازیں منتخب20 ممکنہ کھلاڑیوں میں عمران بٹ، امجد علی، محمد عمران، محمد عرفان، سید کاشف شاہ، عماد شکیل بٹ، محمد توثیق، راشد محمود، رضوان جونیئر، زوہیب اشرف اور تصور عباس، شفقت رسول، وقاص شریف، عمربھٹہ، دلبراحمد، رضوان سینئر، علی شان، ارسلان قادر، اظفر یعقوب اور رضوان علی شامل ہیں، مظہرعباس، مبشرعلی، ابوبکر، عاطف مشتاق، رانا محمد عمیر، نوحیز زاہد ملک، شان ارشاد، محمد نوید اور محمد عتیق جونیئر اسٹینڈ بائی کھلاڑی ہیں، دریں اثنا کیمپ کمانڈنٹ اور ہیڈ کوچ اولمپئن شہناز شیخ کے مطابق قومی اسکواڈ کا اعلان ہوتے ہی کیمپ اختتام پذیر ہوجائے گا، بعدازاں قومی ٹیم ایونٹ میں شرکت کیلیے 2 دسمبر کو واہگہ کے راستے بھارت روانہ ہوجائے گی۔


Category: کراچی
Published on 29 November 2014

بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت کو روند کر پاکستان کا فاتحانہ آغاز

یپ ٹاؤن: بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے بھارت کو روند کر دفاعی مہم کا فاتحانہ آغاز کرلیا، کپتان ذیشان عباسی نے 5 وکٹیں اڑائیں، ہارون نے ناقابل شکست 84 رنز کے ساتھ کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ میں چوتھے بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز فل ہیوز کی موت کی وجہ سے ایک دن تاخیر سے ہوا، جمعرات کو پاکستان کا انگلینڈ اور سری لنکا کا آسٹریلیا سے مقابلہ ملتوی کردیا گیا تھا، نوجوان کینگرو بیٹسمین کے اچانک انتقال پر کیپ ٹاؤن میں تمام 7 ممالک کے کرکٹرز اور آفیشلز نے تعزیتی تقریب میں شرکت کی۔ ٹورنامنٹ کا جمعے کو باقاعدہ آغاز ہوا۔

بلوشرٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور تمام بیٹسمین 259 پر پویلین لوٹ گئے، اجے ریڈی 71 اور وینکٹ سوارا راؤ 63 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، محمد جعفر اقبال نے 38 رنز کی اننگز کھیلی، پاکستانی کپتان ذیشان عباسی نے 23 رنز کے بدلے 5 وکٹیں اپنے نام کیں، ہدف کا پیچھا کرنے کیلیے پاکستان کی جانب سے بدر منیر اور محمد جمیل نے اننگز کا آغاز کیا لیکن بدر صرف 2 رنز بنانے کے بعد رخصت ہوگئے۔

بعدازاں ہارون نے میدان سنبھالا اور جمیل کے ساتھ مل کر حریف بولر کی خوب پٹائی کی، دونوں کے مابین 112 رنز کی شراکت قائم ہونے کے بعد اوپنر 74 پر حوصلہ ہار گئے،پاکستان نے ہدف 38 ویں اوور میں حاصل کرلیا، ہارون 84 اور انیس50 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ جمعے کو دوسرے میچ میں انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 41 رنز سے شکست دیدی۔