Category: پاکستان
Published on 16 August 2014

تحریک انصاف نے کوئی بھی ماورائے آئین کام کیا تو نقصان خود اٹھائے گی، خورشید شاہ

سکھر: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کا وزیراعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ مذاکرات تک رہے گا اوراگرتحریک انصاف نے کوئی بھی ماورائے آئین کام کیا تو نقصان خود اٹھائے گی۔

سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ حالات میں کوئی بھی نازک صورتحال نہیں ہوگی ، موجودہ صورتحال اب بھی بہتر ہوسکتی ہے کیونکہ عمران خان سیاسی آدمی ہیں وہ صورتحال سمجھ لیں گے تاہم اگر تحریک انصاف نے کوئی بھی ماورائے آئین کام کیا تو نقصان خود اٹھائے گی اس لیے وہ کبھی نہیں چاہیں گے کہ ان کے کسی اقدام سے کوئی ماورائے آئین کام ہو۔

خورشید شاہ نے کہا کہ طاہرالقادری نے جو منشور پیش کیا ہے اگر وہ الیکشن جیت جائیں تو وہ اس پر عمل بھی کرائیں، ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ عدالتی حکم سے پہلے ہی درج ہونا چاہئے تھا۔ ان  کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف پہلے پھر بھی جلدی چلے جاتے لیکن اب ان کے جانے میں دو تین ماہ کی تاخیر ہوسکتی ہے۔


Category: پاکستان
Published on 11 August 2014

ملک خانہ جنگی کی جانب جا رہا ہے، چوہدری پرویز الہٰی

 

لاہور........مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ملک خانہ جنگی کی جانب جا رہا ہے،مارشل لاء اور زلزلہ کبھی پوچھ کر نہیں آیا کرتے۔لاہورمیں اپنی رہائش گاہ پر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئےچودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ شریف برادران نے ملک میں سول وار کا حکم دےدیا، اس کا اعلان رانا ثناء اللہ کے جانشیں رانا مشہود کے ذریعے کرایا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ علاقے سیل کرنے کا وقت ختم ہو گیا ،اب ان کی تمام سیلیں ٹوٹ جائیں گی۔

Category: پاکستان
Published on 11 August 2014

عمران خان کے الزامات کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہیں، سابق چیف جسٹس

اسلام آباد: سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کی مثال کھسیانی بلی کھمبا نوچے کی ہے جو میرے نوٹس کا جواب دینے کے بجائے بے بنیاد الزامات لگارہے ہیں۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس نے کہا کہ عمران خان بلاجواز الزام تراشی کر رہے ہیں جن کا ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی مثال کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہے، میں نے انہیں 20 ارب روپے حرجانے کا نوٹس بھجوایا ہے جس کا جواب دینے کے بجائے وہ مجھ پر بے بنیاد الزامات لگارہے ہیں۔

افتخار محمد چوہدری کا کہنا تھا کہ جن کے خلاف کرپشن کے کیسز چل رہے ہیں وہ خود کو بے گناہ ثابت کرنے کے بجائے مجھے بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ان کی یہ کوشش ناکام ہوگی۔


Category: پاکستان
Published on 11 August 2014

جھوٹا قرآن اٹھانے والا شخص ملک میں انتشار پھیلانے کی سازش کررہا ہے،شہبازشریف

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ بے وقت انقلاب اور لانگ مارچ کے دعویدار ملک و قوم پر رحم کریں کیونکہ یہ وقت قوم کو تقسیم کرنے اور انارکی پھیلانے کا نہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شہبازشریف نے کہا کہ بد امنی کا لانگ مارچ کرنے والے ملک کو اندھیروں میں دھکیلانا چاہتے ہیں اور یہ بے وقت کے انقلاب اور لانگ مارچ کے دعویدار ملک و قوم پر رحم کریں کیونکہ یہ وقت قوم کو تقسیم کرنے اور انارکی پھیلانے کا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹا قرآن اٹھانے والا شخص ملک میں انتشار پھیلانے کی سازش کررہا ہے اور چوہدری برادران نام نہاد انقلابیوں کی گود میں بیٹھ کر ملک کے خلاف سازشیں کررہے ہیں جبکہ پاکستان کے 18 کروڑ باشعور عوام ان لوگوں کی احتجاج کی سیاست کو مسترد کردیں گے۔