Published on 24 September 2015

اسلام آباد میں کاوان نامی ہاتھی آزاد،ساتھی نہ ہونے پرتوڑپھوڑ

اسلام آباد: 31 سالہ ایشیائی ہاتھی (کاوان) 3 سال زنجیروں میں قید رہنے کے بعد کھول دیا گیا لیکن آزاد ہوتے ہی کاوان نے ساتھی نہ ہونے کی وجہ سے غصے میں آ کر توڑ پھوڑ شروع کردی اور شہریوں پر حملہ کرنا شروع کر دیا۔

کاوان کو 2012 میں مادہ ہتھنی کے مرنے کے بعد زنجیروں میں باندھ دیا گیا تھا تاہم بین الاقوامی میڈیا کے دباؤ پر وزیراعظم نے اسکو دوبارہ کھولنے کے احکام جاری کیے تھے جسکے بعد گزشتہ جمعے کو اسکو زنجیروں سے آزاد کر دیا گیا تھا، کاوان کو آزاد تو کردیا گیا لیکن کئی سال سے ساتھی ہتھنی کے بغیر رہنے کیوجہ سے کاوان شدید غصے میں نظر آتا ہے۔

اسکی دیکھ بھال کیلیے مامور مہاوت کا کہنا ہے کہ کاوان گزشتہ 3 سال سے زنجیروں میں بندھا ہوا تھا لیکن آزاد ہوتے ہی اس نے توڑ پھوڑ شروع کر دی،  یہ غصے میں آ کر شہریوں پر کسی بھی وقت حملہ کر سکتا ہے۔ واضح رہے کہ ہتھنی کیلیے دنیا سے 2 لاکھ 65 ہزار آن لائن درخواستیں کی جا چکی ہیں


Published on 23 September 2015

لال مسجد کےسابق خطیب غازی عبدالرشید کے2 بیٹےگرفتار، گاڑی سےاسلحہ اورفوجی وردی برآمد

اسلام آباد: سیکیورٹی فورسز نے لال مسجد کے سابق خطیب غازی عبدالرشید کے 2 بیٹوں کو گرفتار کر کے ان کی گاڑی سے اسلحہ اور سیکیورٹی فورسز کی یونیفارم برآمد کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس اور رینجرز نے اسلام آباد میں مشترکہ کارروائی کے دوران ایک مشکوک گاڑی کی تلاشی لی تو اس سے ایک پستول اور فوجی وردی برآمد ہوئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی سے ہارون الرشید اور حارث رشید اور ان کے محافظ کو حراست میں لیا گیا جو لا ل مسجد کے سابق نائب خطیب غازی عبدالرشید کے بیٹے ہیں۔ دونوں کو تفتیش کے لئے تھانہ کوہسار منتقل کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں 2007 میں لال مسجد میں آپریشن کے دوران غازی عبدالرشید مارے گئے تھے۔


Published on 23 September 2015

مارچ2016 میں چھٹی مردم شماری کیلیے14ارب روپے مختص ؛ فوج سے باضابطہ مدد طلب

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے2016 میں ہونے والی چھٹی مردم شماری کیلیے مجموعی طور پر14ارب روپے مختص کر دیے ہیں۔ مردم شماری کیلیے تقریباً ڈھائی لاکھ عملہ درکار ہوگاجو کہ سرکاری اساتذہ، لیڈی ہیلتھ ورکرز اور پٹواریوں پر مشتمل ہو گا۔

اس ضمن میں شماریات بیورو نے صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کو تعاون کیلیے آگاہ کر دیا ہے جبکہ دیگر صوبوں سمیت گلگت بلتستان،فاٹا اور آزاد کشمیر کی حکومت کو آٓئندہ ماہ باضابطہ طور پر خطوط جاری کیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق شماریات بیورو نے مردم شماری کی تیاریوں کو حتمی شکل دیتے ہوئے اب تک4 کروڑ 25 لاکھ آئی سی آر فارمز پرنٹ کروالیے ہیں جن کے ذریعے ڈیٹا جمع کیا جائیگا جبکہ مزید71 لاکھ فارمز پرنٹ کرنا باقی ہیں۔ذرائع کے مطابق مذکورہ فارمز ڈونر ایجنسی یو این ایس ای اے سے چھپوائے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مردم شماری کے دوران سیکیورٹی اورڈیٹا کی ترسیل کیلیے آرمی سے مدد طلب کی ہے۔ اس ضمن میں سیکریٹری دفاع سے باضابطہ درخواست کر دی گئی جبکہ وزارت داخلہ سے بھی ایف سی اہلکاروں کی تعیناتی کیلیے مدد مانگ لی گئی ہے۔


Published on 23 September 2015

امید ہے پشاور واقعے کے شواہد دکھانے پر افغانستان کسی اور کی زبان نہیں بولے گا، چوہدری نثار

اسلام آباد: وزیرداخلہ چوہدری نثار علی نے كہا ہے كہ بڈھ بیر حملے کے شواہد افغان حكومت کے سامنے رکھے جائیں گے اور توقع ہےکہ افغانستان كسی اوركی زبان نہیں بولے گا اور ذمہ داری كا مظاہرہ كرے گا۔