Published on 01 November 2014

شیوسینا کا زیادہ بچے پیدا کرنے والے ہندوؤں کی مالی مدد کرنے کا اعلان

لکھنؤ: بھارت کی ہندو انتہا پسند جماعت شیو سینا نے زیادہ بچے پیدا کرنے والے ہندوؤں کی مالی مدد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا کی جانب سے ان ہندو جوڑوں کو 21 ہزار روپے نقد دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن کے 10 یا اس سے زائد بچے ہیں جب کہ ایسے جوڑوں کو پیسوں کے علاوہ ایک سرٹیفکیٹ بھی دیا جائے جس میں ہندوؤں کی آبادی بڑھانے کےلئے ان کی تعریف کی جائے گی۔ شیو سینا کے اس پروگرام کا مقصد بھارت میں ہندوؤں کی آبادی کو بڑھانا اور دوسرے مذاہب کے بڑھتے ہوئے اثر کو کم کرنا ہے۔

شیو سینا اتر پردیش کے صدر  کا کہنا تھا کہ بھارت میں پارٹی کی تمام اکائیوں کو ایسے خاندانوں کا ڈیٹا جمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جن کے 10 یا اس سے زائد بچے ہیں جب کہ یکم نومبر سے فیملی پلاننگ کے خلاف بھی ایک تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔

 


Published on 01 November 2014

بوکو حرام نے نائیجیرین حکومت کے ساتھ مفاہمت کی خبروں کو مسترد کردیا

ابوجا: نائیجیریا میں شدت تنظیم بوکو حرام نے حکومت سے مفاہمت کی خبروں کی تردید کردی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بوکو حرام کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں تنظیم کے سربراہ ابو بکر شیخو نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ ان کی کوئی ڈیل نہیں ہوئی ہے، اس طرح کے غلط پراپیگنڈے سے نائیجیرین حکومت اور بوکو حرام کے درمیان مستقبل میں ہونے والے امن مذاکرات منسوخ ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 3 ماہ قبل اسکول سے اغوا کی گئی 219 لڑکیاں اب بھی ان کے قبضے میں ہیں تاہم انہوں نے اسلام قبول کرلیا ہے جس کے بعد ان کی شادیاں کرادی گئیں ہیں۔

واضح رہے کہ بوکو حرام نائیجیریا میں شدت پسند مسلح تنظیم ہے، اس تنظیم نے نائجیریا کے خلاف بغاوت شروع کر رکھی ہے۔ 2009 میں بوکوحرام کی بغاوت شروع ہونے کے بعد سے مختلف وارداتوں میں اب تک ہزاروں افراد مارے جا چکے ہیں۔


Published on 01 November 2014

ترکی میں بس بریک فیل ہونے کے باعث الٹنے سے 17 افراد ہلاک، 29 زخمی

استنبول:   بس بریک فیل ہونے کے بعد الٹنے سے خواتین سمیت 17 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بس کھیتوں میں کام کرنے والے افراد کو لے کر اپنی منزل کی جانب جارہی تھی کہ اسی دوران اسپرتا کے مقام پر  بریک فیل ہوجانے کے باعث بے قابو ہوکر الٹ گئی جس کے نتیجے میں خواتین کارکنوں سمیت 17 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہوگئے۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ بس میں 27 افراد کے سفر کرنے کی گنجائش تھی تاہم اس میں  46 افراد کو سوار کیا گیا جس کے باعث حادثہ پیش آیا جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے تاہم زخمیوں میں سے بھی بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

Published on 01 September 2014

افریقی ملک لیسوتھو میں فوج نے حکومت کا تختہ الٹ کراقتدار پر قبضہ کرلیا

افریقی ملک لیسوتھو میں فوج نے بغاوت کرتے ہوئے ملک کا کنٹرول سنبھال لیا ہے جبکہ وزیر اعظم ٹام تھابین فرار ہو کر پڑوسی ملک جنوبی افریقہ میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق فوج نے وزیر اعظم ہاؤس کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اور فوجی دستے دارالحکومت کی سڑکوں پو گشت کر رہے ہیں جب کہ تمام ریڈیو اسٹیشن اور مواصلاتی نیٹ ورک بند کردیئے گئے ہیں، حکمران جماعت باسوتھو نیشنل پارٹی کا کہنا تھا کہ نائب وزیراعظم  فوجی بغاوت کی سازش میں ملوث ہیں۔

فرار ہونے والے وزیر اعظم ٹام تھابین نے کہا کہ انہیں طاقت کے بل پر اقتدار سے علیحدہ کیا گیا جو غیر آئینی اورغیر قانونی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ  میری زندگی کو خطرہ تھا جس کی وجہ سے ملک چھوڑنا پڑا تاہم جیسے ہی یہ خطرہ ٹلے گا واپس وطن لوٹ جاؤں گا۔

واضح رہے کہ لیسوتھو میں باسوتھو نیشنل پارٹی اور لیسوتھو کانگریس فار ڈیموکریسی کی اتحادی حکومت 2سال قبل قائم ہوئی تھی تاہم دونوں اتحادیوں میں شدید اختلافات پیدا ہوگئے تھے جس کے بعد ملک میں شدیدسیاسی بحران پیدا ہوگیا تھا اوراس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فوج نے ملک کا کنٹرول سنبھال  کر حکومت کا تختہ الٹ دیا۔

Published on 11 August 2014

لاہور ہائیکورٹ :جسٹس خالد محمود کا3درخواستوں کی سماعت سے انکار

 

لاہور......لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس خالد محمود خان نے ماڈل ٹاؤن میں سڑکوں کی بندش اورتحریکِ انصاف کے کارکنوں کی گرفتاریوں کےخلاف تین دائر درخواستوں کی سماعت سے انکار کردیا اوریہ کیسز چیف جسٹس کوبھجوادیئے۔جسٹس خالد محمودخان نے سماعت کے دوران ریمارکس دئیے کہ رات ڈاکٹرطاہرالقادری کی تقریرسنی ،،لگتاہے کہ عوام میں اشتعال پیداکیاجا رہاہے۔عدالت نے قراردیاکہ لانگ مارچ اوراحتجاج شہریوں کابنیادی حق ہے، مگرپتہ نہیں اسے کیوں تماشابنایاجارہاہے۔؟طاہرالقادری کی تقریرسننے کے بعد مناسب نہیں کہ ان درخواستوں کی سماعت کی جائے۔ لہذا درخواستیں چیف جسٹس کوبھجوائی جاتی ہیں تاکہ انہیں سماعت کے لئے دوسرے بنچ میں پیش کیا جاسکے۔ 

 

Published on 13 July 2014

عمران خان یوم آزادی کو یوم احتجاج کے طورپرنہ منائیں خواجہ سعد رفیق۔

لاہور: وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ زندہ قومیں اپنے یوم آزادی پر دست و گریبان نہیں ہوتیں۔ عمران خان یوم آزادی کو یوم احتجاج کے طورپرنہ منائیں۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آئندہ ماہ وطن عزیز کی آزادی کی تقریبات کو شایان شان انداز میں ملک بھر میں منایا جائے گا اور اس سلسلے میں مرکزی تقریب اسلام آباد میں ہوگی۔ دہشتگردوں کے خلاف سپاہیوں کا مورال بلند کرنے کے لئے آزادی کی تقریبات میں ہمیں متحد نظر آنا چاہیئے، ہمارے کسی قدم سے دشمن کو بات کرنے کا موقع نہیں ملنا چاہیئے۔ ملک کی تمام سیاسی قیادت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اکٹھے ہوکر آگے بڑھے۔ ان کا کہنا تھا کہ یوم آزادی عمران خان کی پیدائش سے بھی پہلے سے منایا جاتا ہے ، وہ اپنے احتجاج کی تاریخ اور جگہ کو تبدیل کرنے پرغورکریں، انہیں سمجھانے کی کوشش کررہے ہیں کہ ہماری تقریبات کا حصہ بنیں لیکن اس وقت وہ لندن میں چھٹیاں منارہے ہیں، وطن واپسی پر ان سے رابطہ کیا جائے گا۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے آصف زرداری کے ساتھ آمریت کے خاتمے اور اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی بحالی کے لئے جدو جہد میں حصہ لیا تھا، اگر پیپلز پارٹی نے پرویز مشرف سے کوئی ڈیل کی تھی تو اس کا مسلم لیگ (ن) سے کوئی تعلق نہیں۔ پرویز مشرف ہمارا مسئلہ نہیں، ان کے خلاف مقدمہ سپریم کورٹ کے حکم پر بنا ہے اور جب کوئی مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہوتا ہے وہ اپنے منطقی انجام کو ضرور پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری شعلہ بیان مقرر اور عالم دین ہیں، ہزاروں لوگ ان کے معتقد ہیں، بطور سیاسی کارکن وہ سمجھتے ہیں کہ طاہر القادری اپنے تجربے اور علم کو مثبت جگہ پر استعمال کریں۔ اگر وہ موقع فراہم کریں تو مسلم لیگ (ن) انہیں مطمئن کرنے کے لئے تیار ہے لیکن انہیں اور عمران خان کو چوہدری پرویز الہیٰ جیسے کرداروں سے محتاط رہنا ہوگا۔


Published on 31 October 2014

افریقی ملک برکینا فاسو میں فوج نے حکومت کا تختہ الٹ کراقتدار پر قبضہ کرلیا

اواگیڈوگو: مغربی افریقی ملک برکینافاسو میں فوج نے صدر کو برطرف کر کے حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کرلیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برکینا فاسو میں 27 سال سے اقتدار میں رہنے والے صدر کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر احتجاج کررہے تھے جبکہ دارالحکومت میں پرتشدد واقعات کے بعد فوج نے صدر بلیسی کمپور کو برطرف کرتے ہوئے حکومت کا تختہ الٹ دیا۔ فوجی سربراہ کرنل بوریما فارٹا نے آرمی ہیڈکوارٹر کے باہر موجود ہزاروں افراد کے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ صدر بلیسی کمپور اب مزید اقتدار میں نہیں رہ سکتے جبکہ فوج نے حکومتی معاملات عارضی طور پر اپنے ہاتھ میں لے لئے ہیں۔

دوسری جانب یورپی یونین کا کہنا ہے کہ برکینا فاسو کے عوام کو اپنے  مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار حاصل ہونا چاہئے اورجو بھی آئندہ اقدامات کئے جائیں  وہ  اتفاق رائے اور قانون کے مطابق ہوں۔

واضح رہے کہ برکینا فاسو کے صدر بلیسی کمپور گزشتہ 27 سال سے حکومت کر رہے تھے اور ایک مرتبہ پھر آئین میں ترمیم کے ذریعے 2015 میں نئی حکومت کے قیام تک اقتدار میں رہنا چاہتے تھے جس کے خلاف ملک بھر میں گزشتہ کئی روز سے احتجاج جاری تھا ۔

Published on 01 September 2014

افغانستان میں مسافر وین اورآئل ٹینكر میں تصادم، 23 افراد ہلاک

کابل: افغانستان كے صوبہ ہرات میں  مسافر وین اور آئل  ٹینكر كے درمیان خوفناک تصادم كے نتیجے میں 23 افراد ہلاک اور 4 زخمی  ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثہ افغانستان کے مغربی صوبے ہرات میں اسلام قلعہ ہائی وے پر پیش آیا جہاں ایک مسافر وین تیل كے ٹینكر سے ٹكرا گئی۔  صوبائی صحت عامہ كے حكا م كا كہنا ہے كہ حادثے میں 23 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس میں 5 خواتین اور 4 بچے بھی شامل ہیں جب كہ 4 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لئے قریبی ہسپتالوں میں منتقل كردیا گیا ہے۔

ہرات پولیس کے ترجمان رؤف احمدی كا كہنا ہے كہ حادثہ ہرات اور ایرانی سرحد كے قریب شاہراہ پر پیش آیا۔ ان كا كہنا تھا كہ ابتدائی اطلاعات كے مطابق حادثہ دونوں ڈرائیورز كی غلطی كی وجہ سے پیش آیا۔ اس سے قبل 17 اگست کو افغانستان کے شمال  مغربی علاقے میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 32 افراد مارے گئے تھے۔

Published on 11 August 2014

اللہ کی مدد سے آپریشن ضرب عضب کامیابی سے ہمکنار ہوگا، سربراہ پاک فوج

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ اللہ کی مدد اور قوم کی حمایت سے آپریشن ضرب عضب کامیابی سے ضرور ہمکنار ہوگا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی سربراہی میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب میں ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور آپریشن کے دوران جان کی قربانی دینے والوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ کانفرنس میں کور کمانڈرز نے عزم اظہار کیا کہ دہشت گردوں کو نہ تو منظم ہونے دیا جائے گا اور نہ ہی انہیں دوبارہ کلیئر کرائے گئے علاقوں میں واپس آنے دیں گے۔

کانفرنس کے دوران آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ضرب عضب پراب تک کی پیش رفت پر اظہار اطمینان کیا اور آپریشن میں حاصل کامیابیوں کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی مدد اور قوم کی حمایت سے آپریشن ضرب عضب کامیابی سے ہمکنار ہوگا اور ان کامیابیوں کو مستحکم  بنانے کے لئے دہشتگردی کے خلاف طویل مدتی اقدامات کئے جائیں گے۔ دہشتگردی کےخلاف قبائلی بھائیوں کی قربانیاں بےمثال ہیں، آئی ڈی پیز کو جلد واپس بھجوایا جائے گا۔

Published on 12 July 2014

فلسطینیوں کی حمایت پر پاکستان کے شکرگزار ہیں اور ہمیں پاکستان کی دوستی اور حمایت پر فخر ہے۔ ولید ابو علی

لاہور: پاکستان میں تعینات فلسطینی سفیر نے کہا ہےکہ نوازشریف واحد رہنما ہیں جنہوں نے فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے پروگرام 146146میں اور مولانا145145 میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فلسطینی سفیر ولید ابو علی نے کہا کہ فلسطین پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں،اسرائیل کی جانب سے وحشیانہ بمباری میں اب تک 100 سے زائد شہری شہید ہوچکے ہیں جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا نوازشریف واحد رہنما ہیں جنہوں نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف مذمت کی،ہم فلسطینیوں کی حمایت پر پاکستان کے شکرگزار ہیں اور ہمیں پاکستان کی دوستی اور حمایت پر فخر ہے۔ ولید ابو علی نے گفتگو کے دوران پاکستان اور فلطسین کے حق میں نعرہ بھی لگایا۔
واضح رہے کہ گزشتہ چار دنوں سے غزہ میں اسرائیل کی جانب سے وحشیانہ بمباری جاری ہے جس میں خواتین اور بچوں سمیت اب تک 100 سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں جبکہ اسرائیلی وزیراعظم نے ہٹ دھرمی کا اظہا رکرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی عالمی طاقت انہیں غزہ پر حملے سے نہیں روک سکتی۔