بلونیا میں سانحہ پیرس کیخلاف مظاہرہ

بلونیا( رپورٹ وتصاویر: الیاس قادری) دو روز قبل فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف پوری دنیا سراپا احتجاج ہے ۔ اٹلی کے شہر بلونیا میں بھی جمعہ کی شام محنت کشوں کی نمائندہ تنظیمCGILکے زیر اہتمام پیرس میں دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں بلونیا اور اس کے گردونواح میں مقیم سینکڑوں پاکستانیوں سمیت دیگر ممالک کے باشندوں اور اٹالین کمیونٹی کے افراد نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی ۔ شرکاء نے ہاتھوں میں شمعیں اٹھا رکھی تھیں ۔ جس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل تھی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسلم کمیونٹی کی نمائندہ شخصیت محمد یٰسین نے واضح کہا کہ اسلام امن وسلامتی کا درس دیتا ہے ۔ جس کا دہشت گردی سے کوئی لینا دینا نہیں ۔ لہٰذا یورپی ممالک کو مسلمانوں سے متعلق بدگمانیاں نہیں کرنی چاہئیں ۔ مظاہرہ سےCGILکے رہنماؤں اور اٹالین کمیونٹیز کے نمائندہ افراد نے بھی خطاب کیا اور پیرس میں دہشت گردی کے واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا۔