Category: ایشیا
Published on 27 August 2015

افغانستان میں فوجی وردی میں ملبوس حملہ آوروں کی فائرنگ سے 2 نیٹو فوجی ہلاک

ہلمند: افغان صوبے ہلمند میں فوجی وردی میں ملبوس حملہ آوروں کی فائرنگ سے نیٹو کے 2 فوجی ہلاک ہوگئے۔

افغان دارالحکومت کابل میں نیٹو کی جاب سے جاری بیان کے مطابق صوبہ ہلمند میں افغان سیکیورٹی فورسز کی وردی میں ملبوس 2 حملہ آوروں نے سیکیورٹی کمپاؤنڈ میں نیٹو افواج کی گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود دو غیر ملکی فوجی ہلاک ہوگئے تاہم نیٹو نے فوجیوں کی شناخت ظاہر نہیں کی۔

واضح رہے کہ افغانستان میں نیٹو اور امریکی فوجیوں کےخلاف طالبان کی مسلح کارروائیوں میں شدت آگئی ہے۔


Category: ایشیا
Published on 27 August 2015

بھارتی ریاست گجرات میں پٹیل برادری کے پر تشدد احتجاج میں 6 افراد ہلاک

حمد آباد: بھارتی ریاست گجرات میں پٹیل برادری کے احتجاج کے دوران پرتشدد واقعات میں مزید 5 افراد کی ہلاکت کے بعد مرنے والوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے جب کہ ریاستی دارالحکومت احمد آباد کے مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ کرکے فوج تعینات کردی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات میں پٹیل برادری کو بہتر تعلیم اور ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کی تحریک کی قیادت کرنے والے نوجوان ہاردک پٹیل کی گرفتاری اور رہائی کے بعد کئی علاقوں میں ہنگامے پھوٹ پڑے اور اس دوران پرتشدد کارروائیوں میں 6 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ کئی گاڑیوں کو بھی نذر آتش کردیا گیا۔

گجرات پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ضلع بناس كانٹھا میں آج مشتعل افراد نے ایک تھانے پر حملہ کیا اور اس دوران پولیس کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا ہے جب کہ دیگر واقعات میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے اس موقع پر پولیس نے منگل کو احمد آباد میں بھی مظاہروں کے دوران پولیس کی فائرنگ میں 2 لوگوں کی موت کی تصدیق کی۔ پولیس حکام کے مطابق کشیدہ حالات کے پیش نظر احمد آباد کے 9 اور سورت کے 2 تھانوں کی حدود سمیت ریاست میں 17 مقامات پر احتیاطاً کرفیو نافذ کرکے فوج نافذ کردی گئی ہے۔ گجرات میں پر تشدد واقعات کے بعد انتظامیہ نے ریاست کے تمام تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا حکم جاری کیا ہے۔

پٹیل کمیونٹی نے بدھ کو گجرات بھر میں ہڑتال کی اپیل کی تھی جس کے باعث احمد آباد شہر مکمل طور پر بند رہا  اور شہر میں انٹرنیٹ سروس اور موبائل فون سروس دوسرے دن بھی معطل رہی جس سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا جب کہ گزشتہ روز پٹیل تحریک کے حامیوں تقریباً 50 بسوں اور دیگر گاڑیوں کو آگ لگائی تھی جس کے بعد تشدد میں اضافے کو روکنے کے لیے حکومت نے موبائل اور انٹرنیٹ خدمات کو بند کر دیا تھا۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی آبائی ریاست کے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے اور ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ تشدد سے کسی کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا اور آگے بڑھنے کا واحد طریقہ پرامن مذاکرات ہیں۔

واضح رہے کہ احمد آباد میں پٹیل کمیونٹی نے احتجاجی مظاہرہ کیا تھا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی تھی جب کہ مظاہرے کی سربراہی 21 سالہ پٹیل برادری کے نوجوان رہنما ہاردک پٹیل کر رہے تھے۔


Category: ایشیا
Published on 26 August 2015

عراقی صوبے انبار میں داعش کے حملے میں 50 فوجی ہلاک

بغداد: عراق کے صوبہ الانبار میں داعش کے حملے میں 50عراقی فوجی ہلاک ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی کونسل کے صدرصباح الکرہوط نے بتایا کہ داعش نے2 مختلف مقامات پرحملے کر کے کم از کم 50 فوجیوں کوہلاک کردیا ۔ یہ حملے انبار صوبے کے صدرمقام رمادی کے مغرب میں گھات لگا کر کیے گئے۔ ادھرداعش میں شامل تربیت یافتہ3 بچوں نے 3 عراقی فوجیوں کو قتل کردیا۔ عراقی سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ عراقی لڑاکا طیاروں نے صوبہ الانبار کے مختلف علاقوں اور صدر مقام الرمادی میں داعش کے ٹھکانوں پرحملے کیے جن کے نتیجے میں اس کے کم از کم25 ارکان ہلاک اوردرجنوں زخمی ہو گئے۔

عراقی وزیر دفاع خالد العبیدی نے انبار صوبے کے دورے کے دوران فوجی کمان کو انتہائی احتیاط کے ساتھ پیشقدمی کی ہدایت کی ہے۔عراقی حکام نے داعش کے حملوں میںغفلت برتنے پر بریگیڈیئرکوملازمت سے برطرف کردیا۔

دریں اثناجرمن وزیرداخلہ تھامس ڈے میزئیر نے ایک انٹرویو میں بتایاکہ شام اورعراق میں سرگرم اسلامک اسٹیٹ کے ہمراہ جہادی کارروائیوں میں100کے قریب جرمن ہلاک ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو کی سربراہ ایرینا بوکووا نے کہا ہے کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد سے عالمی ثقافتی ورثے کو کسی نے اتنا نقصان نہیں پہنچایا جتنا داعش نے پہنچایا۔


Category: ایشیا
Published on 14 January 2015

انتہا پسند جماعت بی جے پی کا ہندو خواتین کو کم ازکم 5 بچے پیدا کرنے کا مشورہ

کولکتہ: بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے آتے ہی متنازعہ اور عجیب و غریب احکا مات اور اعلانات سے  جہاں لوگوں کو حیرانی میں مبتلا کر رکھا ہے تو وہیں اس میں مزید اضافہ بھی کر رہی ہے  اورایسے میں  اس کے ایک رہنما نے تو ہندو خواتین کو ہی مشکل میں ڈل دیا۔

بھارتی ریاست مغربی بنگال کے بی جے کے رہنما شیمال گوسوانی نے ہندو خواتین پر زور دیا کہ وہ کم از کم 5 بچوں کو جنم دیں تاکہ ہندوازم  کی حفاظت کی جاسکے۔  ان کا کہنا تھا کہ ہندو خواتین اپنے مذہب کی حفاظت کے لیے 5 بچے پیدا کریں اور گر انہوں نے ایسا نہیں کیا تو بھارت میں کوئی ہندو باقی نہیں بچے گا، ان کے اس بیان نے بھارت میں ایک نیا تنازعہ کھڑا کردیا ہے جب کہ اپوزیشن جماعتیں بھی بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لے رہی ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی بی جے پی  کے  رہنما اور لوک سبھا کے رکن سکشی مہاراج نے خواتین کو مشور دیا تھا کہ وہ کم از کم 4 بچے پیدا کریں۔  ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان میں 4 بیویاں اور 40 بچوں والی سوچ نہیں چلے گی لیکن ہندو خواتین کو 4 بچوں کا لازمی اضافہ کرنا چاہئے۔